پنجاب حکومت کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر افغانستان کے صوبے لوگر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔اطلاعات کے مطابق طالبان مزاحمت کاروں نے ہیلی کاپٹر کو گرنے کے بعد آگ لگا دی ہے اور عملے کو یرغمال بنا لیا ہے۔





پنجاب حکومت کا یہ ملکیتی ہیلی کاپٹر مرمت کے لیے پاکستان سے ازبکستان لے جایا جارہا تھا۔اس میں ایک روسی انجنیئر اور عملے کے چھے ارکان سوار تھے۔تاہم افغانستان کی طلوع نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ہیلی کاپٹر پاکستانی فوج کا ملکیتی ہے لیکن پاک فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

طلوع نے صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر صوبہ عذرا کے علاقے متی میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ہیلی کاپٹر کو آگ لگنے کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔



بعض عینی شاہدین نے مقامی خبررساں ایجنسیوں کو بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کے دوران آگ لگی تھی جبکہ بعض مکینوں کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس کو زمین پر گرنے کے بعد آگ لگا دی تھی۔طالبان نے فوری طور پر اس واقعے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ہیلی کاپٹر میں سوار تمام سات افراد زندہ بچ گئے ہیں۔ان میں چھے پنجاب حکومت کے ملازمین ہیں اور ایک روسی انجنیئر ہے۔دمِ تحریر پاکستان کا دفتر خارجہ افغان حکام سے رابطے کی کوشش میں تھا تاکہ واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔